اگر آپ کے نوٹس میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ آپ کو احتجاج کے حقوق حاصل ہیں، تو آپ ایک مصالحتی کانفرنس کی درخواست کرتے ہوئے نوٹس کو چیلنج کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا نوٹس اس بات کی نشاندہی نہیں کرتا کہ آپ کو احتجاج کے حقوق حاصل ہیں، تو دیگر اختیارات کے لئے کسی بل یا اقدام سے غیر متفق ملاحظہ کریں۔
آپ کو اپنے نوٹس پر فراہم کردہ ڈیڈ لائن تک اپنی درخواست لازمی جمع کروا دینی چاہیئے۔ ہم اس ڈیڈ لائن کے بعد جمع کروائی گئی کوئی درخواست قبول نہیں کر سکتے۔
اپنی درخواست آن لائن جمع کروائیں
کسی کانفرنس کی درخواست جمع کروانے کا تیز ترین اور آسان ترین طریقہ ہماری ویب سائٹ کے ذریعے جمع کروانا ہے۔
لاگ ان کریں یا آن لائن خدمات کا ایک اکاؤنٹ بنائیں۔
بائیں ہاتھ پر موجود مینیو میں خدمات کے اندر محکمے کے نوٹس کا جواب دیں کا انتخاب کریں۔
اپنے نوٹس کو سامنے رکھیں اور اپنی درخواست کو مکمل کرنے کے لئے ہدایات پر عمل کریں۔
نوٹ: آپ مخصوص نوٹسز پر آن لائن جواب نہیں دے سکتے ہیں۔ ہدایات کے لئے اس نوٹس سے رجوع کریں جو آپ کو موصول ہوا ہے۔
ٹیکس کے پیشہ ور ماہرین: آپ ٹیکس کے پیشہ ور ماہرین کی آن لائن خدمات کے اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے کلائنٹ کے لئے کانفرنس کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اپنے کلائنٹ سے E-ZRep فارم TR-2000، ٹیکس کی معلومات تک رسائی اور ٹرانزیکشن کی مجاز کاری (Tax Information Access and Transaction Authorization)کو مکمل کروائیں اور اس پر دستخط کروائیں۔
اگر آپ آن لائن جواب نہیں دینا چاہتے، تو فارم CMS-1-MN، مصالحتی کانفرنس کے لئے درخواست مکمل کریں اور 518-435-8554 پر فیکس کریں۔ اگر آپ بہتر سمجھیں، تو آپ فارم CMS-1-MN کو ڈاک سے یا دستی ارسال کر سکتے ہیں۔
نوٹ: ٹیکنالوجی یا برقی مواصلت کی ناکامی، یا ہو بہو نقل کی عدم دستیابی کی صورت میں درخواست دہندہ کو ٹیکس کے قانون کی رُو سے درخواست کے بروقت جمع کروانے سے استثنا حاصل نہیں ہو گا۔
کانفرنس کے مقامات
ہم ان مقامات پر محکمے کے دفاتر میں کانفرنسز منعقد کرواتے ہیں:
البانے (Albany)
بنگھامٹن (Binghamton)
بروکلین (Brooklyn)
بفلو (Buffalo)
کی گارڈنز (Kew Gardens)
راچیسٹر (Rochester)
ہاپیج (Hauppauge)
سیراکوز (Syracuse)
ویسٹ چیسٹر (Westchester)
مترجم کے لیے درخواست کریں
اگر آپ کو مترجم کی ضرورت ہے، تو آپ کانفرنس کے لیے اپنی درخواست دائر کرتے وقت اس کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نے پہلے درخواست دائر کی تھی لیکن مترجم کی درخواست نہیں کی تھی، تو مفاہمت اور ثالثی خدمات کی بیورو (Bureau of Conciliation and Mediation Services) کو tax.sm.BCMS@tax.ny.gov پر ای میل کریں۔
مصالحتی کانفرنس کی کارروائی کے ذریعے کس بات کی توقع کی جائے
بیورو برائے مصالحت اور ثالثی کی خدمات (BCMS) کے مصالحتی کانفرنس کی درخواست قبول کرنے کے بعد، وہ ایک CMS نمبر نامزد کریں گے اور درخواست کی تاریخ کے تقریباً 10 دن میں ایک اعترافی خط بھیجیں گے۔ وہ اس ڈویژن سے بھی رابطہ کریں گے جس نے نوٹس جاری کیا تھا اور انہیں مطلع کریں گے کہ آپ نے ایک احتجاج جمع کروایا ہے۔
جس ڈویژن نے نوٹس جاری کیا تھا وہ آپ سے رابطہ کر سکتا ہے تاکہ کانفرنس سے قبل معاملے کو حل کیا جائے۔ اگر ڈویژن کی طرف سے اس کو حل کیا جانا ممکن نہ ہو، تو BCMS ایک کانفرنس شیڈول کرے گی۔ شیڈول شدہ کانفرنس کی تاریخ سے کم از کم 30 دن پہلے آپ کو ایک تحریری اپائنٹمنٹ نوٹس موصول ہو گا۔
اپیلز کی کارروائی کے دوران جرمانے اور منافع جمع ہوتے رہیں گے۔ جمع ہونے کے عمل کو روکنے کے لئے آپ کسی بھی وقت پر واجب الادا رقم کی ادائیگی کر سکتے ہیں اور پھر بھی اپنا احتجاج جاری رکھ سکتے ہیں۔
اگر آپ کو کوئی معذوری لاحق ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ ہم ایک معقول انتظام فراہم کریں جو آپ کے لئے ممکن بنائے گی کہ آپ مصالحتی کانفرنس میں شامل ہوں، تو براہ کرم محکمے کے دفتر برائے تنوع اور اثباتی اقدام کو 518-530-4650 پر کال کریں۔
آپ کانفرنس میں بذاتِ خود پیش ہو سکتے ہیں یا مختار نامہ (فارم POA-1)مکمل کرتے ہوئے کسی نمائندے کو نامزد کر سکتے ہیں۔ نمائندگی کرنے والا کوئی ایسا شخص ہو سکتا ہے جو نیویارک ریاست میں کام کرنے کا لائسنس رکھنے والا اٹارنی ایٹ لا ہو، کوئی سند یافتہ سرکاری اکاؤنٹنٹ ہو جو نیویارک ریاست میں کام کرنے کی باقاعدہ سند رکھتا ہو، کوئی سرکاری اکاؤنٹنٹ جس کا نیویارک ریاست کے محکمۂ تعلیم کے ساتھ اندراج ہوا ہو، داخلی ریونیو خدمت کے روبرو کام کرنے کا لائسنس رکھنے والا اندراج شدہ ایجنٹ، یا کسی کارپوریشن کا کوئی ملازم جو ایک افسر نہ ہو۔ دیگر لوگ کسی کلائنٹ کی نمائندگی کرنے کے لئے BCMS کے ڈائریکٹر کی طرف سے خصوصی اجازت کی درخواست کر سکتے ہیں۔
آپ کو (وفاقی اور ریاستی ٹیکس گوشواروں سمیت) ایسی کوئی بھی دستاویزات اور معلومات لانی چاہیئیں جو آپ سمجھتے ہوں کہ اس بات کی وضاحت کرنے میں مدد کریں گی کہ محکمے کا موقف کیوں غلط تھا۔ براہ کرم اس بات سے آگاہ رہیں کہ کانفرنس کرنے والے نے ایسی کوئی دستاویزات نہیں دیکھی ہوں گی جو آپ شاید محکمے میں جمع کروا چکے ہوں۔
شادی شدہ جوڑوں کے لئے جاری کردہ جائزوں کے لئے، میاں بیوی میں سے کوئی ایک کانفرنس میں دونوں فریقوں کی نمائندگی کر سکتا ہے۔ تاہم، ایسے جوڑے جن کی طلاق ہو چکی ہو، علیحدگی ہو گئی ہو، یا وہ مزید ایک ساتھ نہ رہتے ہوں انہیں ایک دستخط شدہ مختار نامہ (فارم POA-1) حاصل کرنا چاہیئے جس میں کسی ایک فرد کو مجاز قرار دیا گیا ہو تاکہ وہ دوسرے (یا سابقہ) میاں/بیوی کی ایما پر پیش ہو۔
ایک غیر جانبدار کانفرنس کرنے والا شخص کانفرنس کا انعقاد کرے گا، جو عمومی طور پر دو گھنٹے سے کم جاری رہتی ہے۔ محکمے کا ایک نمائندہ شرکت کرے گا تاکہ محکمے کے موقف کی وضاحت کرے۔ پھر آپ کو ایک موقع دیا جائے گا کہ سوالات پوچھیں، اپنے موقف کی وضاحت کریں، اور معاونتی دستاویزات جمع کروائیں۔
جب تمام معلومات اور شہادت پیش کی جا چکی ہو گی، تو کانفرنس کرنے والا شخص اختلاف کی ثالثی کی کوشش کرے گا۔ اگر ثالثی ناکام رہے، تو کانفرنس کرنے والا شخص ایک فیصلہ پیش کرے گا۔
کانفرنس کرنے والا شخص، ایک رضامندی کی صورت میں آپ کو ایک مجوزہ حل بھیجے گا:
اگر آپ رضامندی سے متفق ہوں، تو 15 دن کے اندر اس پر دستخط کریں اور اس کو واپس کر دیں تاکہ آپ کی اپیلز کی رسمی کارروائی ختم ہو جائے۔
اگر آپ رضامندی سے غیر متفق ہوں، تو کانفرنس کرنے والا شخص ایک مصالحتی حکم صادر کرے گا۔ وہ حکم آپ کو اور محکمے کو پابند کر دے گا، ماسوائے کہ آپ ٹیکس اپیلز ڈویژن (Division of Tax Appeals)میں ایک سماعت کے لئے عرضی جمع کروا دیں۔